مساج کرے خوبصورتی میں اضافہ

 

چہرے کا مساج یعنی فیشل خواتین کی ضرورت بھی ہے اور شوق بھی، اس عمل سے چہرے کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں کافی مدد ملتی ہے۔چہرے کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور اسے بحال کرنے میں فیشل اہم کردار ادا کرتا ہے، یہ آپ کے چہرے کے اطراف جمع شدہ غیر ضروری مواد کا بھی خاتمہ کرتا ہے
اگر باقاعدگی سے مساج کیا جائے تو نہ صرف حلقوں اور جھریوں سے چہرہ پاک ہو جاتا ہے بلکہ جلد ہی خلیوں کو زیادہ نشوونما کیلئے زیادہ غذا بھی میسر ہونے لگتی ہے اور جلد کی لچک اور رنگت میں بھی بہتری آ جاتی ہے

چہرے پر مساج یا فشل کرنے سے دورانِ خون میں روانی آ جاتی ہے اور یہ روانی جلد کو خشکی سے محفوظ رکھتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مساج ذہنی و جسمانی تھکاوٹ کو دورکرنے کا بھی ذریعہ ہے۔لیکن مساج سے بہترین نتائج اسی صورت میں حاصل کیے جا سکتے ہیں جب مساج کا عمل صحیح طور پر انجام پائے۔

مساج سے پہلے اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا چہرہ کسی قسم کے انفیکشن‘سوجن یا زخم وغیرہ سے پاک ہو۔اپنے بالوں کو اچھی طرح باندھ لیں تاکہ چہرے اور گردن سے دور رہیں۔ مساج کرنے والے کے ناخن اتنے بڑے نہ ہوں کہ ان سے چہرہ زخمی ہونے کا خطرہ ہو۔

چہرے پر براہ راست تیل ٹپکانے کے بجائے اپنی ہتھیلیوں کے درمیان ملیں۔موسم سرما میں خاص طور پر ہفتے میں دو مرتبہ چہرے اور ہاتھوں کا مساج کریں۔
مندرجہ ذیل مساج کے طریقے استعمال کرنے سے آپ
بھی خوبصورت جلد حاصل کر سکتی ہیں۔

خشک جلد کیلئے
چہرے پر بالائی سے مساج کریں۔ٹھنڈی بالائی کا مساج چہرے کو داغ دھبوں سے پاک کرتا ہے۔ شہد میں بالائی ملا کر رات کو سوتے وقت لگائیں۔ کچھ دیر کے بعد ہلکا مساج کرکے اُتار لیں۔اس سے نہ صرف رنگت میں نکھار آئے گا بلکہ دانوں اور داغ دھبوں میں بھی فرق پڑ جائے گا۔

ایک انڈے کی سفیدی اور ایک چمچہ شہد کسی کپ میں مکس کر لیں۔چہرے سے گردن تک آہستگی سے مساج کریں۔اس سے آپ کی جلد میں چمک پیدا ہو جائے گی۔

دودھ میں عرق لیموں ملا کر صبح و شام چہرے پر مساج کرنے سے چہرہ خوبصورت ہو جائے گا۔

عرق گلاب کو اپنی ہتھیلی پر انڈیل کر اس سے چہرے پر مساج کریں۔اس سے آپ زیادہ عرصے تک خوبصورت اور جوان نظر آئیں گی۔

ایک چمچہ روغن بادام میں آدھا لیموں کا رس ملا کر روزانہ ہاتھوں اور چہرے کا مساج کریں۔اس سے جلد ملائم ہو جائے گی۔

انڈے کی زردی‘شہد اور روغن بادام ملا کر مکسچر بنا لیں۔ہاتھوں اور چہرے پر مساج سے جلد نرم و ملائم ہو جائے گی۔

ایک چمچہ دہی اور ایک چمچہ چینی برابر مقدار میں لیں۔اسے اچھی طرح مکس کر لیں۔ اس سے چہرے کا مساج کریں اور پانچ منٹ بعد نیم گرم پانی سے چہرے کو دھو لیں۔

خالص زیتون کا تیل لے کر اسے ہلکا سا گرم کر لیں۔ہلکے ہاتھوں سے چہرے پر مساج کریں۔اس سے چہرے کے داغ بتدریج مدھم پڑ جائیں گے اور جلد میں چمک پیدا ہو جائے گی۔

نیم گرم روغن بادام میں چند قطرے عرق گلاب ملا کر چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں۔ یہ عمل پانچ منٹ تک جاری رکھیں۔اس سے چہرے پر نمودار ہونے والی جھریوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔

بالائی میں ہلدی ملا لیں اور اس سے چہرے کا مساج کریں۔اس سے نہ صرف جلد کی خشکی کا خاتمہ ہو گا بلکہ رنگت میں بھی نکھار آئے گا۔

بادام کی گریوں میں خشخاش ملا کر عرق گلاب ملا کر چہرے پر لگائیں۔ اور پھر نیم گرم پانی سے منہ دھو لیں اور چہرے پر عرق گلاب لگا لیں۔ اس سے چہرہ پُررونق نظر آئے گا۔

بیسن میں تھوڑا سا سرسوں کا تیل ملا کر آہستہ آہستہ چہرے پر ملیں۔یہ چہرے پر دانوں کے خاتمے کے لئے بہترین ہے۔

گلیسرین میں لیموں کا رس ملا کر روزانہ چہرے پر مساج کریں۔اس سے نہ صرف رنگت میں نکھار آئے گا بلکہ کیل مہاسوں کیلئے بھی بہترین ہے۔

پانی میں سرکہ ملا کر اس سے مساج کریں اس کے استعمال سے چہرے پر شادابی اور چمک آ جائے گی۔

آئس واٹر فیشل ایک آسان ترین فیشل

اس عمل سے چہرے کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں کافی مدد ملتی ہے اس میں کسی بھی کریم کا استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ یہ فیشل برف کے ٹھنڈے پانی سے کیا جاتا ہے۔ اس لئے اس کو آئس واٹر فیشل یا کولڈ تھراپی کہتے ہیں۔اس فیشل کو کرنے سے جلد کو ٹھنڈک ملتی ہے اور جلد پر چمک بھی آتی ہے۔
یہ فیشل گھر بیٹھے بغیر ایک روپیہ خرچ کیے کیا جا سکتا ہے کہ جس کے فوائد حقیقت میں حیران کُن ہیں۔
اس فیشل کے لئے نہ تو کسی مساجنگ کریم، اسکرب، ماسک اور بلیچ کی ضرورت پڑتی ہے بلکہ اسے کرنے کے لئے 5 سے 7 اسٹیپ بھی فالو نہیں کرنے پڑتے۔

آئس واٹر فیشل کرنے کا طریقہ:
آئس فیشل کرنے کے لئے سب سے پہلے ایک بڑا سا پیالہ لے لیں۔اب اس میں دو ٹرے آئس کیوبز کی ڈال کر ٹھنڈا یخ پانی ڈال لیں۔
کچھ آئس کیوبز کے پگھلنے پر اپنا چہرہ اس پیالے میں چند سیکنڈ کے لئے ڈبوئیں اور چہرہ پیالے سے باہر نکال لیں۔اس عمل کو 4 سے 5 بار دہرائیں۔آئس فیشل کرنے کے نتیجے میں چہرہ دنوں میں چمک اٹھتا ہے، جلد صاف اور شفاف ہوتی ہے، چہرے پر لالی آتی ہے، مساموں کی صفائی ہوتی ہے اور ضدی کیل مہاسوں سے بھی چھٹکارہ ممکن ہو پاتا ہے۔پانی اتنا ٹھنڈا نہ ہو کہ جلد میں درد ہونے لگے۔چہرے کو آئس کیوبز والے پیالے میں 10 سے 20 سیکنڈ کے لئے ڈپ کریں، اس سے زیادہ دیر نہیں۔یہ عمل 4 سے 5 بار دہرائیں۔سادہ پانی کی جگہ چاولوں کا پانی استعمال کر کے حیران کُن فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
بنیادی طور پر آئس واٹر فیشل ایک آسان ترین فیشل ہے جس میں صرف اور صرف پانی اور آئس کیوبز (برف) کا استعمال ہوتا ہے۔اس فیشل کے ذریعے چہرے کے پٹھوں میں خون کی گردش کو بڑھانا اور انہیں پُرسکون بنانا مقصود ہوتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments